بھارتی اداکار رشی کپور دیہانت کرگئے

کراچی (ویب ڈیسک) بھارتی اداکار رشی کپور 67 برس کی عمر میں دیہانت کر گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق رشی کپور کو کینسر ہونے کی بنا پر امریکہ میں علاج جاری تھا جہاں سے گذشتہ ستمبر میں بھارت پہنچے تھے۔ بدھ کے روز ان کی طبیعت خراب ہونے پر انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں آج صبح ان کا انتقال ہو گیا۔

رشی کپور کے گھرانے نے ان کی موت کی خبر مداحوں سے شیئر کرنے کے لیے ایک بیان بھی جاری کیا۔

مذکورہ بیان کے مطابق رشی کپور دوران علاج بھی نہایت پرجوش اور خوش رہا کرتے تھے اور وہ اپنی زندگی بھرپور جینے میں یقین رکھتے تھے، اس دوران جو بھی ان سے ملا وہ یہ دیکھ کر حیران ہوا کہ رشی کپور اس بیماری کے باوجود ہمیشہ پرعزم رہے۔
اہل خانہ کے مطابق ’رشی چاہتے تھے کہ اس دنیا سے گزر جانے کے بعد بھی مداح انہیں آنسو بہا کر نہیں مسکرا کر یاد کریں‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’ایسے وقت میں ہمیں اس بات کا بھی اندازہ ہے کہ دنیا بہت مشکل دور سے گزر رہی ہے، اس وقت نقل و حرکت اور بڑے اجتماعات پر پابندی عائد ہے، ہم مداحوں سے اور خاندان کے دوستوں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ اس وقت قوانین کا احترام کریں‘۔

خیال رہے کہ گذشتہ دو دن کے دوران بالیووڈ کو ہونے والا یہ دوسرا بڑا نقصان ہے۔ گذشتہ روز عرفان خان 53 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے جس پر دنیا بھر میں مقیم ان کے چاہنے والے غم میں مبتلا تھے کہ آج رشی کپور کے فوت ہونے کی خبرآگئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں