پاکستان ریلوے کا 10 مئی سے ٹرین آپریشن جزوی بحال کرنے کا فیصلہ


کراچی، ویب ڈیسک
پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن 10 مئی سے جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ٹرین آپریشن کی بحالی سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے حتمی منظوری لی جائے گی۔

وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن کی تیاریاں مکمل کرنے کے لیے ریلوے انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ریلوے پہلے مرحلے میں چاروں صوبوں میں 24 ٹرینیں خصوصی انتظامات کے ساتھ چلائے گا اور یہ انتظامات 8 مئی تک مکمل کیے جائیں گے۔

ٹرین آپریشن شروع ہونے کے بعد مسافر ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے ذریعے ہی حاصل کر سکیں گے، ٹرین کی 60 فیصد سیٹیں بُک ہونے کے بعد بکنگ روک دی جائے گی تاکہ سماجی فاصلہ پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے گا۔

ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین کی روانگی سے ایک گھنٹہ قبل اسٹیشن پہنچنا ہوگا، اسٹیشن سے 200 میٹر تک کے ایریا میں غیر ضروری افراد کے داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ مسافروں کے پاس اپنے ماسک، گلوز، سینیٹائزر اور صابن ہونا لازمی ہوگا۔

مسافروں کو سینیٹائزر واک تھرو گیٹ سے گزارا جائے گا جس میں ان پر اسٹیشن میں داخلے سے قبل سینیٹائزر سپرے کیا جائے گا، خصوصی ٹرینیں چلنے کی صورت میں مسافروں کو ٹرین میں دوسرے مسافروں سے میل جول کی اجازت نہیں ہوگی، مسافر ٹرین میں ایک مسافر کے فاصلے سے بیٹھیں گے جبکہ ٹرین عملے کو خصوصی کٹس ملیں گی۔

وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن کے دوران ایس او پیز پر عملدرآمد لازمی قرار دیا ہے، کوتاہی کی صورت میں ریلوے قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں