کرونا وائرس، گلشنِ حدید کے ہردلعزیز معالج فوت ہو گئے

ملیر (نامہ نگار، منظور سولنگی) گلشنِ حدید کے نامور ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کرونا وائرس میں مبتلہ رہنے کے بعد انڈس ہسپتال میں زیر علاج رہتے ہوئے فوت ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر گلشنِ حدید میں سوگ کا سماں چھا گیا اور بڑی تعداد میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل عملہ اور ورثاء انڈس ہسپتال پہنچے جہاں انتظامیہ نے تمام لوگوں کو فوری طور پر واپس کردیا جبکہ دو ورثاء کے ساتھ پولیس، روینیو افسران اور محکمہِ صحت کے عملے نے نماز جنازہ اداکرنے کے بعد ان کی میت کو لنک روڈ کے قریب کرونا وائرس کےلیے مختص قبرستان میں سپرد خاک کیا۔
گلشنِ حدید اور مضافات میں ڈاکٹر عبدالقادر سومرو کو ایک نفیس اور انسان دوست شخصیت کی علامت سمجھا جاتا تھا۔ انہوں نے اسٹیل مل میں ڈاکٹر کی حیثیت سے ملازمت اختیار کی اور وہ چیف میڈیکل افسر کے عہدے پر ترقی پا کر رٹائر ہوئے۔ بعدازاں انہوں نے الخدمت ہسپتال گلشن حدید میں ایڈمنسٹریٹر کے فرائض انجام دیئے اور گلشن حدید میں ہی انہوں نے امراضِ جلد کی نجی کلینک بھی چلائی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں