پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کی سماعت ججز کے نہ آنے پر ملتوی

اسلام آباد (ویب ڈیسک) ججز کے نہ آنے پر سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت 23 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی گئی ۔ رجسٹرار خصوصی عدالت راؤ عبدالجبار کے مطابق گزشتہ سماعت پر عدالت نے وزارت قانون کو وکلاء کا پینل فراہم کرنے کا کہا تھا تاہم پینل ابھی تک فراہم نہیں کیا گیا۔ رجسٹرار خصوصی عدالت نے بتایا کہ فاضل ججز موجود نہیں اس لیے سنگین غداری کیس کی آئندہ سماعت 23 جولائی کو ہوگی۔ خصوصی عدالت نے 12 جون کو ملزم پرویز مشرف کے خلاف آئین شکنی کے مقدمے کی سماعت کی تھی جس پر ملزم کے وکیل نے التوا کی ایک اور درخواست دائر کی تھی۔ عدالت کی طرف سے پرویز مشرف کو ویڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کروانے کا موقع دیا گیا تھا لیکن اُنھوں نے اس پیشکش کا فائدہ نہیں اُٹھایا۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہےکہ ملزم نے عدالت میں پیش نہ ہو کر اپنے دفاع کا حق کھو دیا، اب عدالت کیس کی کارروائی کو چلانے کے لیے وکیل صفائی مقرر کرےگی،اس مقصد کے لیے وزارت قانون وکلا کا پینل تجویز کرے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں