ٹھٹھہ، حادثات کے نتیجے میں چار افراد جان سے گئے

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) مختلف حادثات اور واقعات میں دو معصوم بھائیوں سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق جبکہ دو خواتین سمیت 6 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق سونڈا کے قریب لکڑیاں کاٹ کر سمندر میں نہانے والے 8 افراد ڈوب گئے جن میں سے 6 کو بچا لیا گیا۔ ایک شخص پلیوچ سولنگی کی لاش مقامی لوگوں نے سمندر سے نکال لی جبکہ حسین بخش سولنگی سمندر میں لاپتہ ہو گیا۔ لاش کی تلاش جاری تھی کہ رات ہونے کی وجہ سے مقامی غوطہ خوروں نے لاش کی تلاش کا کام بند کردیا۔
دوسری طرف ساکرو کے قریب نواحی گاؤں نواز شاہ کے قریب نہر میں دو سگے بھائی دس سالہ ظفر ڈومکی اور ایوب ڈومکی ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ دونوں بھائیوں کی لاشیں ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد مقامی غوطہ خوروں نے نہر سے نکال لیں۔
مکلی کے نزدیک جنگ شاہی روڈ پر خام واہ کے علاقے میں دو برادریوں میں معمولی بات پر تصادم ہوگیا۔ اس موقع پر فریقین کی جانب سے کلہاڑیوں اور لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال کیا گیا جس کے نتیجے میں دو خواتین سمیت 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر مکلی سول ہسپتال پہنچا دیاگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں