کوٹڈیجی کےدیہاڑی دار مزدور فیصل آباد کے کارخانے میں جاں بحق

کوٹڈیجی (نامہ نگار، فضل محمد بگٹی) فیصل آباد میں واقع پرانے موبل کے کارخانے میں آتشزدگی میں جھلس کر جانی برڑو کے دیہاڑی دار مزدور جاں بحق ہوگئے۔ گذشتہ روز فیصل آباد کے جھنگ روڈ کی مضافات میں واقع پرانے موبل کو صاف کرنے والے ایک نجی کارخانے کو آگ نے اپنی لپیٹ میں لے لیا جس کے نتیجے میں کارخانے میں کام کرنے والے متعدد مزدوروں کے جاں بحق اور زخمی ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں تحصیل کوٹڈیجی میں واقع گاؤں جانی برڑو سے تعلق رکھنے والے دو دیہاڑی دار مزدور بھی شامل ہیں۔ اطلاع ملنے پر مزدوروں کے اہلخانہ رات گئے فیصل آباد روانہ ہو گئے تھے۔

تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں میر ہزار اور ارشد علی شامل ہیں جن کی لاش کو فیصل آباد سے آبائی گاؤں جانی برڑو منتقل کیا جا رہا ہے جبکہ ایک مزدور نعیم احمد فیصل آباد کی الائیڈ ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔ واقعہ کا معلوم ہوتے ہی جانی برڑو اور اس کے مضافاتی علاقوں میں سوگ کی فضا چھا گئی۔
دوسری جانب فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ کا واقعہ سے متعلق کوئی خاطر خواہ موقف سامنے نہیں آسکا۔ یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے رات گئے الائیڈ ہسپتال سے رابطہ کرنے کے باوجود بھی واقعے میں زخمی اور جاں بحق ہونے والوں سے متعلق کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ واقعہ غفلت کا نتیجہ تھا یا تکنیکی وجوہات کی بنا پر پیش آیا؟ تحقیقات سے متعلق یونائیٹڈ ٹی وی فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مسلسل رابطے کی کوشش میں ہے جس کی تفصیلات جلد شایع کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں