سندھ میں کورونا بے قابو: ہر چوتھے شخص کا ٹیسٹ مثبت

کراچی، ویب ڈیسک

سندھ میں کوروناکی گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کئے گئے ٹیسٹس میں سے 25 فیصد کا نتیجہ مثبت آیا ہے۔

سندھ میں کورونا کی صورت حال سے متعلق اپنے بیان میں وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 6995 ٹیسٹ کیے گئے، جس کے نتیجے میں 1745 نئے کیسز سامنے آئے، 1745 نئے کورونا کیسز کا آنا ٹیسٹوں کا 25 فیصد ہے، اب تک صوبے میں 2 لاکھ 46 ہزار 517 ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن میں 41 ہزار 303 کیسز آئے۔ آج مزید 759 مریض ٹھیک ہوکر گھروں کو چلے گئے، جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19896 ہوگئی ہے،آج تک 20711 مریض زیرعلاج ہیں، جن میں سے 19 ہزار 201 اپنے گھروں، ایک ہزار 461 مختلف اسپتالوں جب کہ 41 مختلف مراکز میں زیرِعلاج ہیں۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 17 مریض انتقال کرگئے، جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 696 ہوگئی ہے، اس وقت 466 مریض تشویش ناک حالت میں ہیں، جن میں 71 مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کراچی ،سکھر، حیدرآباد، بدین، گھوٹکی اور دیگر شہروں میں کیسز بڑھتے جا رہے ہیں، احتیاطی تدابیر نہ کرنے سے صورتحال خراب سے ابتر ہوتی جارہی ہے، خدارا ایس او پی پر عمل کریں اپنی اور دوسروں کی زندگی بچانے میں حکومت کی مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں