ٹھٹھہ، ذہنی معذور نوجوان پر تشدد کے ملزمان گرفتار

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران نے محسن کھتری نامی ذہنی معذور نوجوان پر پانچ نوجوانوں کی جانب سے تشدد اور پانی میں ڈبونے کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کا نوٹس لے لیا۔ تھانہ ٹھٹھہ پر پانچ افراد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعہ میں ملوث دو افراد مرتضیٰ خشک اور سجن میمن نے سیشن کورٹ ٹھٹھہ سے عبوری ضمانت لے لی جبکہ دو ملزمان زاہد کڈائی اور عامر میمن کو ایس ایچ او امیر بخش کوجسو نے عدالت میں پیش کرکے تین روز کا ریمانڈ لے لیا۔ دوسری جانب ایک اور روپوش ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر عمران نے تشدد کا شکار ہونے والے ذہنی معذور محسں کھتری کے گھر پہنچ کر ان کے گھر والوں سے ہمدردی کا اظہار کیا اور یقین دہانی کروائی کہ ان کے ساتھ سے انصاف کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں