ٹھٹھہ، وزیرِاعلیٰ کے معاون کی تشدد کے متاثر معذور نوجوان کے گھر آمد

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاونِ خصوصی برائے محکمہِ بحالی خصوصی افراد سندھ سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ خصوصی افراد خدا کا تحفہ ہیں اور ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی اور ایسے واقعات میں ملوث افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹھٹھہ میں ذہنی معذور نوجوان محسن کھتری کی رہائش گاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر ان کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی ٹنڈو محمد خان کے جنرل سیکرٹری خرم کریم سومرو، محمد جمن، دانش راجپوت اور دیگر ضلعی افسران بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ گذشتہ دنوں سوشل میڈیا پر وڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں چند اوباش نوجوان ذہنی معذور نوجوان محسن کھتری کے ساتھ غیر انسانی سلوک کرتے دکھائی دے رہے تھے۔ اس پر وزیرِ اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس کے افسران کو متعلقہ واقعے کے بارے میں تفصیلات دینے کی ہدایت کی تھی۔
دوسری جانب سندھ سید قاسم نوید قمر نے ٹھٹھہ میں مذکورہ متاثرہ نوجوان کے گھر پہنچ کر اس کے اہلخانہ سے مزید تفصیلات حاصل کیں اور انہیں یقین دلایا کہ ان کے ساتھ انصاف کیا جائے گا۔ ساس موقع پر ان کا مزیدکہنا تھا کہ اس واقعے میں ملوث ملزمان کو سخت سزادی جائے گی تاکہ آئندہ کسی کو ایسی حرکت کرنے کی ہمت نہ ہو۔

اپنا تبصرہ بھیجیں