پی پی ایچ آئی کے ہسپتالوں میں ڈاکٹرز و عملہ کی عدم موجودگی کا انکشاف

کراچی (سوشل میڈیا ڈیسک) پی پی ایچ آئی کے زیرِ انتظام چلنے والی ڈسپنسری میں ڈاکٹر اور دیگر عملہ کی عدم موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔ ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث علاقہ مکین شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ضلع خیرپور میں واقع آٹیری میں لوگوں نے احتجاج کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے تدارک کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ مظاہرین کی رہنمائی کرنے والے در محمد، محمد عیسیٰ، نظام الدین اور رستم کنبھر کا کہنا تھا کہ پی پی ایچ آئی کے آٹیری سینٹر میں ڈاکٹر کی عدم موجودگی کے باعث علاج سے محروم ہیں تاہم ٖڈاکٹر ہفتہ میں دو یا تین روز ہی آتا ہے اور اپنے مقررہ وقت سے قبل ہی ہسپتال سے چلا جاتا ہے۔ انہوں نے پی پی ایچ آئی کے خلاف اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

یونائیٹڈ ٹی وی ویب ڈیسک کی جانب سے معاملہ پر پی پی ایچ آئی کا موقف جاننے کے لئے ہیڈ آفس میں رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی جہاں چیف آپریٹنگ افسر غلام علی سومرو کے پرنسپل افسر عبدالغفار نے موقف دینے سے انکار کرتے ہوئے پی پی ایچ آئی خیرپور کے ضلعی کو آرڈینیٹر ذیشان منگی کے ساتھ رابطہ کرنےکو کہا لیکن موصوف کی جانب سے فون اٹھانے کی زحمت نہیں کی گئی ۔ بعدازاں چیف آپریٹنگ افسر پی پی ایچ آئی غلام علی سومرو سے رابطہ کرنے کی بھی کوشش کی گئی لیکن انہوں نے بھی فون اٹھانا گوارہ نہین کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں