سکھر: سیپکو کی رکوری ٹیم پر درزیوں کا حملہ، تین لائین مین لہو لہان

سکھر (رپورٹ، تاج رند) روہڑی میں سیپکو کی رکوری ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے واجبات ادا نہ کرنے کی بنا پر درزیوں کی بازار کی بجلی منقطع کردی۔ کارروائی کے خلاف درزیوں کی جانب سے ٹیم پر حملہ کی اطلاعات ملی ہیں جس کے باعث لاتوں اور مکوں کے ہمراہ قینچیوں کا بھی آزادانہ استعمال کیا گیا۔ واقعہ کی زد میں آکر سیپکو ٹیم میں شامل تین لائین مین زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق درزیوں کی بازار میں واقع دکانوں کے مالکان بجلی کے بل ادا نہیں کرتے جس کے باعث ان کی طرف ڈھائی لاکھ کے واجبات تھے جو ادا نہ کرنے کی صورت میں سیپکو کی جانب سے آپریشن کیا گیا جس کے دوران درزیوں کے دکانوں کی بجلی منقطع کی گئی۔ کارروائی کے خلاف ردِعمل کے طور پر درزیوں نے سیپکو ٹیم کے اوپر حملہ کردیا جس میں قینچیاں لگنے سے تین لائین مین سخت زخمی ہو گئے تاہم واقعہ کے خلاف لائین مین نے ہڑتال کا اعلان کرتے ہوئے کام بند کردیا ہے۔
درزیوں اور سیپکو ٹیم کے مابین تصادم کے دوران بازار میں بھگدڑ مچ گئی اور علاقہ میدانِ جنگ بنا رہا۔ دوسری جانب زخمیوں کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر تحصیل ہسپتال منتقل کیا گیا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں