دادو: “ووٹ کی اہمیت و افادیت” کے زیرِ عنوان سیمینار کا انعقاد

دادو (رپورٹ، فیاض جعفری) میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے دربار ہال میں “ووٹ کی اہمیت” پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ سیمینار میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دادو نظیر احمد سومرو نے مہمانِ خصوصی کے طور پر شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کا کہنا تھا کہ ایک ووٹ سے حکومت تبدیل ہو سکتی ہے ، اسے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ ووٹ کی اہمیت کیا ہے؟ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر دادو نظیر احمد سومرو کا کہنا تھا کہ عوام اپنے حقوق سے بے خبر نہ رہے۔ ووٹ کا اندراج لازم ہے کیونکہ آپ اپنے ووٹ سے اپنے حکمران چنتے ہیں اور ووٹ ہی آپ کی اور آپ کے بچوں کی تقدیر بدل سکتا ہے۔ چئیرمین زندگی ڈیولیپمینٹ آرگنائزیشن محمد بخش کورائی، الیکشن کمیشن کے عامر مرزا علی، ڈنو چارن اور دیگر نے ووٹ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور کہا کہ انسانی حقوق سے لے کر اپنے تمام بنیادی سہولیات کے حصول کے لئے ووٹ کا اندراج لازم ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اپنے ووٹ سے درست حکمران کا انتخاب ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر حسینہ لغاری، حمیرہ شمس، ڈاکٹر عبدالعزیز ببر، علی اکبر پہنور، وسیم کھوکھر ، شاہدہ وگھیو اور دیگر نے شرکت کی۔ سیمینار کے بعد دربار ہال سے “ووٹ کی اہمیت” کی آگاہی کے متعلق ہاتھوں میں بینرز اٹھا کر ریلی بھی نکالی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں