ملیر، قبضہ گیروں کے تشدد میں ہلاک محنت کش کے ورثاء کا احتجاج

ملیر (نامہ نگار، منظور سولنگی) شاہ لطیف میں کچھ روز قبل قبضہ گیروں کے ہاتھوں ہلاک محنت کش قربان سولنگی کے گھر سولنگی ویلفیئر آرگنائزیشن کا وفد پہنچا۔ وفد میں تنظیم کے جنرل سیکریٹری امدادسولنگی، فدا حسین سولنگی، انوارالدین سولنگی، حیدر سولنگی اور نواب سولنگی شامل تھے۔ وفد نے مقتول کے لواحقین سے ملاقات کی اور واقعہ کے حقائق معلوم کئے۔ اس موقع پر انہوں نے تعزیت کے بعد احتجاجی مظاہرہ کر کے با اثر قاتل کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔
وفد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سولنگی ویلفیئر آرگنائزیشن ہر مظلوم کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے، ان کے ساتھ ہوئی ناانصافی کے خلاف بھرپور ساتھ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرحوم قربان سولنگی کو ہراساں اور تشدد کر کے قتل کر دیا گیا جس کی ہم پرزور مذمت کرتے ہوئے انتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کو گرفتار کر کے ملیر ڈولپمنٹ اٹھارٹی کے بےرحم افسر اسد بلوچ کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے اور مرحوم کے خون سے انصاف کیا جائے۔ بصورت دیگر احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں