سندھ کو مگر مچھوں کے حوالے کیا گیا ہے، سید جلال محمود شاہ

ملیر (نامہ نگار، منظور سولنگی) چیئرمین سندھ یونائیٹڈ پارٹی سید جلال محمود شاہ نے پارٹی کے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ ملیر پہنچ کر مختلف علاقوں گگھر، گلشن حدید، رزاق آباد، عبداللہ گوٹھ اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے علاقہ معززین اور پارٹی کارکنان کے ساتھ ملاقاتیں کیں اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ سید جلال محمود شاہ نے گلشنِ حدید اور عبداللہ گوٹھ میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سمیت سندھ کو سیاسی مگرمچھوں کے حوالے کردیا گیا ہے جو سندھ اور اس کے وسائل کو لوٹ رہے ہیں۔ ان کو بچانے کے لیے قومی کارکنان کو میدانِ عمل آنا پڑے گا۔ ملکی تاریخ نے ثابت کیا ہے کہ جن سیاسی جماعتوں نے عوامی نعروں کی آڑ میں ملکی اقتدار پر مسلسل قبضہ کر رکھا ہے انہوں نے ماسوائے لوٹ مار اور کرپشن کے عوام کو کچھ بھی نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی سندھ کے بچاؤ کے لیے میدانِ عمل میں ہے۔ اس موقع پر پیر جان سرہندی، روشن برڑو، ادریس چانڈیو، اعجاز سامٹیو، غلام مصطفیٰ چانڈیو، سید غلام شاہ، مخدوم شمسی، عنایت کھٹیان، فیض ہیسبانی، اصغر کھوسو و دیگر بھی شریک تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں