کوٹڈجی، جانی برڑو میں نوجوانوں کی جانب سے اسپرے، کرونا کے متعلق آگاہی کی مہم

کوٹڈجی (پریس رلیز) کرونا وائرس کے خطرات سے لوگوں کو آگاہ کرنے کے لئے جانی برڑو کے نوجوان اپنی مدد آپ کے تحت میدانِ عمل میں آگئے۔ دیہات میں کام کرنے والی نوجوانوں کی تنظیم “یوتھ امپاورمنٹ سوسائٹی” کے تحت رضاکاروں نے آج دوپہر پورے گاؤں میں اسپرے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گاؤں کے اندر گھر گھر جا کر کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے احتیاطی تدابیر سے لوگوں کو آگاہ بھی کیا اور اپنے گاؤں میں داخل ہونے سے قبل ہاتھ دھو کر داخل ہونے کے لئے داخلی راستوں پر ہاتھ دھونے کا انتظام بھی کر ڈالا۔

تنظیم کے کارکنان نے کہا ہے کہ عالمی وبا کے ان دنوں میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ آگاہی دینے کی ضرورت ہے تاہم ہم نے مصیبت کی اس گھڑی میں حکومت سے شکوہ کرنے سے بہتر یہ سمجھا کہ اپنی مدد آپ کے تحت احتیاطی تدابیر اپنائیں اور لوگوں کو بھی ان کے متعلق آگاہی دیں ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جانی برڑو نامی یہ گاؤں حکومت کی عدم توجہ کے باعث بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہے اور اس گاؤں کو حکمراں جماعت کی جانب سے مکمل طور پر نظرانداز کیا گیا ہے لیکن یہاں کا پڑھا لکھا نوجوان اپنے طور پر اس گاؤں کے لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے جو کچھ کر سکتا ہے، وہ ہم کرنے سے گریز نہیں کرتے کیونکہ یہ ہماری سماجی ذمہ داری ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کرونا وائرس کے طور پر عوامی مقامات پر اسپرے کرنے کا یہ پہلا قدم سامنے آیا ہے جو اس تنظیم کے تحت اس کے رضاکاروں نے انجام دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں