گھوٹکی،ضلع میں اس وقت تک کرونا کا ایک بھی کیس ظاہر نہیں ہوا، ڈپٹی کمشنر

گھوٹکی (نامہ نگار، جعفر شیخ) ڈپٹی کمشنر خالد سلیم نے شہر کا دورہ کیا۔ کرونا وائرس کے پیشِ نظر حکومتِ سندھ کی جانب سے مختلف کاروبار کھولنے پر پابندی عائد کرنے کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے ڈپٹی کمشنر نے گھوٹکی کا دورہ کرکے متعدد دوکانیں بند کروادیں۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ سندھ نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے سخت اقدامات کئے ہیں، اس لئے شہریوں کو چاہیے کہ وہ ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کریں۔
غیرضروری گھروں سے باہر نہ نکلیں اور تمام تر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں غریب و نادار لوگوں کے لئے مشکلات جنم لے سکتی ہیں، اس لئے علاقے کے مخیر حضرات کو ایسے لوگوں کا خیال رکھنا چاہیے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے اسکریننگ کے لئے ڈجیٹل تھرمامیٹر خریدے ہیں۔ ضلع بھر کی ریلوے اسٹیشنز پر مسافروں کی اسکریننگ کی جارہی ہے۔ الحمدﷲ اس وقت تک گھوٹکی میں کورونا وائرس کا ایک بھی مریض نہیں ہے۔
ایک سوال کے جواب میں ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ روینیو افسران کے ذریعے معلومات حاصل کی گئی ہے کہ ضلع بھر میں سرجیکل ماسک اور ہاتھ صاف کرنے والے لوشن کی قلت ہے، اس کے باوجود اگر کسی کے پاس ضروری اشیاء کے ذخیرے کے متعلق اطلاع ہے تو فراہم کی جائے تا کہ ایسے لوگوں کے خلاف سخت کارروائی کی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں