دادو، رادھن میں شادی کے دوران پولیس کا چھاپہ

دادو (نامہ نگار، فیاض جعفری) رادھن میں ایک گھر پر پولیس نے چھاپہ مارکر خاتون سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔ ایس ایچ او رادھن منظور مستوئی کے مطابق خفیہ اطلاع پر پولیس کے ہمراہ گھر پر چھاپہ مارکر شادی میں دولہے حافظ ذوالقرنیں گچل، دلہن شازیہ راجپوت، نکاح خوان صدام حسین اور گروہ کے دو کارندے عنایت شاہ اور غلام شاہ کو گرفتار کرلیا ہے۔
چھاپے کے بعد گرفتار خاتون شازیہ نے بتایا کہ میں کراچی کے صدر کے علاقے کی رہنے والی ہوں۔ مجھے مختلف لوگوں نے خریدا اور رادھن میں بیچا گیا جہاں میری شادی حافظ ذوالقرنین سے زبردستی ہو رہی تھی جس کو پولیس نے ناکام بنایا ہے۔ آنکھوں کے نور سے محروم دولہے حافظ ذوالقرنین نے بتایا کہ مجھ سے دو لاکھ روپے لے کر لڑکی کی شادی کروائی جارہی تھی۔ اس نے مزید انکشاف کیا کہ 28 ہزار بیوپاری عنایت شاہ کو پیشگی دیے تھے جبکہ ایک لاکھ 80 ہزار روپے ایس ایچ او منظور مستوئی نے ہم سے چھین لئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے تاحال کوئی مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں