کرونا سے ڈرنانہیں، لڑنا ہے، سکھیجا فاؤنڈیشن پرعظم

کراچی (ویب ڈیسک) کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے سماجی تنظیم “سکھیجا فاؤنڈیشن” کے تحت یونائیٹڈ ٹی وی کی شراکت سے انسدادِ کرونا وائرس اسپرے کا آغاز کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق شروعاتی طور پر کراچی کے کینٹ اسٹیشن سے اسپرے کا آغاز کیا گیا ہے جہاں اسٹیشن کے اندرونی اور بیرونی اراضی میں اسپرے کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی سی جنوبی ارشاد سوڈھر بھی موجود تھے۔
چیئرمین سکھیجا فاؤنڈیشن ہریش کمار اور سی ای او یونائیٹڈ ٹی وی میاں الیاس محمد عباسی نے جاری کردہ مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اس مہم کا کراچی سے آغاز کیا ہے جس کے بعد آج رات سکھر کے لئے بھی ٹیمیں روانہ کردی جائیں گی۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ سندھ کے زیادہ سے زیادہ اضلاع میں جاکر ااسپرے کرنے کی کوشش کریں گے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اس عمل میں دیگر اضلاع کی انتظامیہ بھی ڈی سی جنوبی ارشاد سوڈھر کی طرح ہمارا ساتھ دیں گی تاکہ ہم مل کر اس وبا سے جاری جنگ جیت سکیں۔
مہم کے آغاز کے موقع پر سکھیجا فاؤنڈیشن کے رضاکاروں نے کرونا کے خاتمے کے لئے لوگوں کو حوصلہ دیتے ہوئے نعرہ بلند کیا ہے کہ “کرونا سے ڈرنا نہیں، لڑنا ہے” تاہم یونایئٹڈ ٹی وی کی جانب سے “یونائیٹڈ اگینسٹ کرونا” کے زیرِ عنوان پہلے سے ہی جاری کرونا آگاہی مہم میں اس نعرے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں