راشن کی تقسیم کا کام شروع کر دیا گیا ہے، ڈی سی ٹھٹھہ

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے کرونا وائرس کے لاک ڈاؤن کے متاثرین میں راشن کی تقسیم کا کام شروع کر دیا گیا ہے جس کے تحت گھر گھر جاکر راشن تقسیم کرنے کا عمل ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سماجی تنظیمیں جو اپنے وسائل سے راشن تقسیم کرنا چاہتی ہیں ان کو خود بہ خود راشن تقسیم کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ان پر لازم ہے کہ وہ راشن تقسیم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کریں۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ کچھ لوگ سوشل میڈیا استعمال کرکے لوگوں کو اکٹھا ہونے پر اکساتے ہیں۔ ایسا کرنا قانونی جرم ہے اور ایسا کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں