ٹھٹھہ، امدادی سرگرمیوں پر ڈی سی کی صحافیوں کو بریفنگ

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) شہری علاقوں میں مستحق افراد میں 3 ہزار راشن کے تھیلے تقسیم کئے جا چکے ہیں۔ اس بات کا اظہار ڈپٹی کمشنر عثمان تنویر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ سرکاری طور پر راشن کے پانچ ہزار تھیلے خریدے گئے ہیں لیکن راشن کی بڑی مقدار کے باعث ٹھیکیدار نے راشن کی پیکنگ اعلیٰ کوالٹی کے ایکسپورٹ تھیلوں میں کردی ہے جس پر درج تاریخوں کا بیگ میں موجود راشن کی کوالٹی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تین اپریل سے راشن کی تقسیم کا کام جاری ہے۔ ساحلی علاقوں میں بھی مخیراداروں کی جانب سے راشن تقسیم کیا گیا ہے۔ لاک ڈاؤن سے شہری علاقوں میں لوگ زیادہ متاثر ہوئے ہیں جبکہ دیہی آبادی کے معمولاتِ زندگی زیادہ متاثر نہیں ہوئے۔
احساس کفالت کیش پروگرام کے تحت ہمیں 16 سے17ہزار کوٹہ دیا گیا تھا لیکن ہم نے 68ہزار کی فہرست اپ لوڈ کی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد حکومت کی جانب سے فیصلہ کیا جائے گا۔ احساس سینٹرز کے حوالے سے ملنے والی شکایات کو بھی دور کیا جا رہا ہے اور پیر سے کام درست طریقہ سے کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں