چیئرمین جسقم کی رکن سندھ اسیمبلی شہریار مہر سے ملاقات

کراچی (بیورو رپورٹ) چیئرمین جسقم صنعان قریشی نے مہر ہاؤس لکھی غلام شاہ پہنچ کر رکن سندھ اسیمبلی شہریار مہر سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع کے مطابق جسقم چیئرمین اور شہریار مہر کے مابین ہونے والی ملاقات غیرسیاسی تھی تاہم یونائیٹڈ ٹی وی کی جانب سے رابطہ کرنے پر ترجمان مہر ہاؤس نے ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صنعان قریشی جویا اور رامیجو برادریوں کے بیچ جاری تنازعہ کے خاتمے کے لئے کوششیں کررہے ہیں جس میں معاونت کے لئے آج انہوں نے رکن سندھ اسیمبلی شہریار مہر سے ملاقات کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کچھ عرصہ قبل رتوڈیرو کی مضافات میں جویا اوررامیجو برادری کے بیچ تنازعہ ہوا تھا جس کے نتیجے میں رامیجو برادری کا ایک شخص قتل ہو گیا تھا تاہم تصادم کے بعد رامیجو برادری رتوڈیرو سے سکھر کے نزدیک کچے کے علاقے باگڑجی منتقل ہو گئی تھی۔ گو کہ اس کے بعد دونوں فریقین کے درمیان دوبارہ کشیدگی کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا لیکن چیئرمین جسقم صنعان قریشی تنازعہ کے حل کے لئے میدانِ عمل میں ہیں جس میں رامیجو برادری کی جانب سے تعاون کے لئے آج انہوں نے شہریار مہر اور ان کے والد غوث بخش خان مہر سے مدد طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ سندھ میں قبائلی تنازعات کے خاتمے کے لئے آج تک کسی سیاسی شخصیت نے سنجیدہ کوششیں کی ہیں تو وہ جسقم کے شہید چیئرمین بشیر خان قریشی تھے جن کی کوششوں سے متعدد تنازعات حل ہوئے تھے تاہم ان کے بعد یہ سلسلہ تھم گیا تھا۔ چیئرمین جسقم صنعان قریشی نے اپنے والد کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے ان کوششوں کا دوبارہ آغاز کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں