لاڑکانہ میں لاک ڈاؤن کی کیا صورتحال ہے؟

لاڑکانہ (نامہ نگار، نور احمد عباسی) کرونا وائرس سے عوام کو بچانے اور حفاظتی انتظامات کے تحت پورے ملک کی طرح لاڑکانہ میں بھی 23ویں روز لاک ڈاؤن جاری رہا۔ تمام چھوٹے بڑے کاروباری مراکز بند ہونے کے ساتھ لاکھوں لوگ اپنے گھروں تک محدود ہیں تاہم کریانہ، میڈیکل اسٹور، پھلوں ، سبزی فروشوں، گوشت مچھلی اور مرغی سمیت پیٹرول پمپز کو شام 5 بجے تک کھلا رکھا گیا ہےتاکہ عوام روزمرہ کی اشیائے خوردنوش خریدسکیں۔

لاک ڈاؤن پر سختی سے عمل کرانے کے لئے پولیس اور انتظامیہ کی مدد کے لئے رینجرز اور فوج کے جوان بھی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ خلاف ورزی کرنے پر سختی بھی کی جا رہی ہے اور لوگوں کو واپس گھروں کو بھیجا جا رہا ہے۔ راستے بند کرنے کے لئے سڑکوں پر رکاوٹیں رکھی گئیں ہیں لیکن اس کے باوجود بھی شہری ناکوں پر لگی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے سڑک سے گذرتے دیکھنے میں آئے اور پولیس خاموشی سے دیکھتی رہی ۔ دوسری جانب بھینسوں کو سڑکوں پر لانے کی پابندی ہے لیکن اس کو بھی نظر انداز کیا جاتا رہا جس سے لاک ڈاؤن کے باوجود بھی ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں