ملیر، انڈس ہسپتال کے تحت کرونا ٹیسٹ کیمپ کا انعقاد

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) گلشنِ حدید میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور ڈاکٹر قادر سومرو کے فوت ہونے کے بعد محکمہِ صحت ملیر نے گذشتہ روز انڈس ہسپتال کے تعاون سے گلشنِ حدید میں شہید بے نظیر بھٹو ڈسپنسری میں ایک روزہ کرونا وائرس ٹیسٹ کیمپ لگایا۔ کیمپ کے دوران مجموعی طور پر 38 افراد کا معائنہ کیا گیا جبکہ علاقہ مکینوں کی عدم دلچسپی کے باعث 60 افراد کے ٹیسٹ کی جگہ صرف 38 افراد کے ٹیسٹ ہوسکے جن کی رپورٹس آج ڈی سی ملیر کے دفتر سے جاری کی جائیں گی۔
اس موقع پر کرونا ملیر کے فوکل پرسن وصوبائی وزیر غلام مرتضٰی بلوچ اور ایم این اے آغا رفیق کی جانب سے کیمپ کا دورہ کیا گیا۔ کیمپ کے انچارج ڈاکٹر مقبول میمن کا کہنا تھا کہ گلشنِ حدید اور ملحقہ علاقوں میں کرونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث ہنگامی بنیادوں پر ٹیسٹ کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں لوگوں نے عدم دلچسپی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہاں کے لوگوں نے احتیاطی تدابیر پر عمل کرکے کرونا پھیلاؤ پر کافی حد تک کنٹرول کیا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں