ملیر، پانچ بچے سمندر میں ڈوب گئے، دو فوت

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) وفاقی حکومت کی جانب سے لاک ڈاوَن میں نرمی کے اعلان کے بعد لوگوں کی بڑی تعداد سیر و تفریح کیلئے ساحلِ سمندر کی طرف نکل پڑی۔ اس سلسلے میں ابراہیم حیدری کے قریب 100کوارٹر کورنگی کے رہائشی 5 بچے نہانے کیلئے پہنچے اور قریب کھڑی کشتی میں سوار ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ کشتی کے الٹنے سے پانچوں بچے ڈوب گئے ہیں۔ بچوں کی چیخ و پکار پر قریبی لوگوں نے تین بچوں کو بچالیا جبکہ دو بچے 14 سالہ آصف ولد انور اور 15 سالہ فیضان ولد عبدالعزیز ڈوب کر ہلاک ہوگئے ہیں جن کی لاشیں غوطہ خوروں نے نکال لیں ہیں۔ ورثاء کا کہنا تھا کہ سو کوراٹر سے سیر و تفریح کیلئے پہنچے جہاں نہاتے ہوئے بچے ڈوب گئے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں