ملیر، موٹر سائیکل چوری کرنے والا گروہ گرفتار

ملیر (نا مہ نگار، منظورسولنگی) گڈاپ اے وی ایل سی ڈویژن کے اہلکاروں کی جانب سے سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرکے موٹرسائیکل چوری میں ملوث گروہ کے دو ملزمان علی حسنین اورشہزاد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ بلوچستان کے علاقے جھل مگسی میں موٹر سائیکل فروخت کرنے والے لاشاری گینگ کے اہم کارندے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے گینگ کے تمام کارندوں کے نام اورطریقہِ واردات بتاتے ہوئے کہا کہ چوری کی موٹرسائیکلوں کی قیمت کمپنی کے نام سے لگائی جاتی ہے۔ہنڈاموٹرسائیکل 10 ہزار جبکہ چائنہ موٹرسائیکل 8 ہزار میں فروخت کی جاتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جھل مگسی میں محمد علی گینگ چلاتاہے جوموٹرسائیکل خریدتاہے۔ ملزمان نے انکشاف کیا کہ کچھ عرصہ قبل نارتھ ناظم آباد میں پولیس مقابلے میں ان کے گینگ کا ایک ساتھی مارا جاچکاہے۔ ملزمان نے اپنے گینگ ممبران کے نام بتاتے ہوئے کہا کہ آصف لاشاری، کاشف لاشاری، شہزاد لاشاری، چنو عرف کامران شامل ہیں۔پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور مسروقہ سامان برآمد کرلیا ہے۔
دوسری جانب ملیرپولیس نے کاٹھوڑ کے قریب خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے الزام میں 7 افراد کوگرفتار کرلیا جو ٹرک کے ذریعے کراچی سے باہر جانے کی کوشش کر رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں