ملیر، مستحقین راشن سے محروم

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) یونین کونسل حاجی ولی محمد کے سماجی رہنماؤں انیس احمد، محمد اختر، محمد حنیف، صالح محمد، نوید احمد، جمیل احمد و دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یوسی چیئرمین محمد اسلم بلوچ اور ڈپٹی کمشنر ملیر کی جانب سے تشکیل دی گئی راشن تقسیم کمیٹی کی جانب سے یوسی کے سماجی رہنماؤں کے ساتھ مل کر یوسی کے مستحق غریب محنت کش کی فہرستیں ترتیب دینے پر اتفاق ہوا تھا۔ فہرستیں بنا کر کمیٹی کے حوالے کیں لیکن جب حکومتِ سندھ کی جانب سے راشن بھیجا گیا تو انہوں نے خفیہ طریقے سے اپنے من پسند لوگوں میں تقسیم کر دیا جو دراصل غریب مزدور لوگوں کے ساتھ زیادتی ہے۔
انہوں نے یوسی چیئرمین اور ڈی سی ملیر کو تحریری خط میں لکھا ہے کہ راشن تقسیم میں اقربا پروری کے خلاف کارروائی کر کے منتظر غریب و مستحق افراد میں راشن تقسیم کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر راشن صرف اپنوں میں ہی تقسیم کرنا تھا تو ہم سے سروے کروا کر فہرستیں کیوں بنوائی گئیں؟ اگر مستحق لوگوں کو راشن سے محروم رکھا گیا تو سخت احتجاج کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں