لاڑکانہ، سات کیسز ظاہر ہونے کے بعد علاقہ سیل

لاڑکانہ (نامہ نگار، نور احمد عباسی) کرونا وائرس کے مقامی سطح پر منتقلی کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر دو محلے اور مرکزی شاہراہ سیل کر دیئے گئے۔ شہر کے گنجان آباد علاقے دڑی اور نواں تک محلہ کی گلیوں اور مرکزی باقرانی روڈ کو سیل کیا گیا ہے جہاں کرونا وائرس کے مقامی سطح پر منتقلی کے سات سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔ تین روز قبل نواں تک محلہ کے رہائشی تاجر جاوید شیخ کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بیشتر لوگ کرونا وائرس کا شکار ہوئے ہیں۔ ایس ایس پی مسعود بنگش نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متعلق لوگوں کی غیر سنجیدگی اور بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے مشترکہ فیصلہ کیا ہے۔ سیل کردہ محلوں میں انتہائی ایمرجینسی کے علاوہ باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی تاہم پولیس موجود رہے گی جو ضرورت پڑنے پر علاقہ مکینوں کی مدد کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں