ملیر، سماجی تنظیم کے تحت راشن تقسیم کیا گیا

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) دور دراز پسماندہ علاقوں یونین کونسل چوہڑ، دودو گنویر، یوسی چنڈ پارو کے عبدالرحمان جوکھیو اور یوسی کوٹیرڑو کے خیر محمد خاصخیلی کے دیہی علاقوں میں آستا ٹرسٹ نامی سماجی تنظیم کی جانب سے راشن تقسیم کرنے کی مثال قائم کردی گئی ہے۔ تنظیم کے کارکنان مستحق گوٹھوں میں مکینوں کیلئے گوٹھ کے باہر ترتیب سے راشن رکھ دیتے ہیں اور ضرورت مندوں کو اپنی مرضی سے راشن لے جانے کی دعوت دیتے ہیں۔
گذشتہ روز مذکورہ گوٹھوں کے لوگوں نے گھروں سے باہر نکل کر رکھا ہوا راشن دیکھا تو اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے راشن لے گئے۔ آستا ٹرسٹ کے عہدیداروں ڈاکٹر انعام سیال، عمیر شاہد، دانش کھوکھر، راشد مصطفیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ موجودہ حالات میں محروم لوگوں کی عزتِ نفس مجروع کیے بغیر اور خود نمائی سے ہٹ کر خدمت کرنا انتہائی مشکل ہے تاہم ہم نے مخیر حضرات سے مدد لیکر مستحق افراد تک پہنچنے کی کوشش کی ہے۔ ہم تمام لوگوں کو چاہیے کہ غریب لوگوں کی مدد کریں۔ اس موقع پر علاقے کے سفید پوش افراد نے اپنے بھرم کو سامنے رکھتے ہوئے راشن اٹھانے سے گزیر کیا جن کی سروے اور نشاندہی کے بعد ان کے گھروں تک راشن پہنچا دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں