ملیر، سماجی رہنما کے گھر پر حملہ

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) ابراہیم حیدری کے قریب محمد حسن گوٹھ کے ماہی گیر رہنما و چیئرمین فشر مین سجاگ ویلفیئر ایسوسی ایشن محمد بخش جت نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ گذشتہ روز لاک ڈاؤن کے باعث ماہی گیر آبادیوں میں مستحقین میں اپنے وسائل اور مخیر حضرات کی جانب سے دیا گیا راشن تقسیم کر رہے تھے کہ انہیں اطلاع دی گئی کہ علاقے کے بااثر حسن عثما ن، حسین عثمان، بشیر اسحاق سمیت 8افراد نے ان کے گھر پر اچانک حملہ کردیا ہے اور گھر میں گھس کر ان کے بوڑھے والد حاجی رمضان جت، والدہ اور بہن کو تشددکرکے شدید زخمی کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وہ گھر پہنچے تو والد، ماں اور بہن زخمی حالت میں تڑپ رہے تھے۔ حملہ آوروں نے تشدد کرکے انتباہ کیا ہے کہ محمد بخش جت اپنی سرگرمیاں معطل کرے بصور ت دیگر اس کا انجام برا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے ابراہیم حیدری پولیس کو واقعے سے آگاہ کیا ہے۔
پولیس نے گھر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا اور زخمیوں سے ملاقات کی تاہم ابھی تک حملہ آوروں کے خلاف کوئی کارروائی عمل میں نہیں لا ئی جاسکی۔ حملہ آور بااثر ہیں جن سے میرا خاندان غیر محفوظ اور میری جان کو خطرہ ہے۔ ملزمان کو گرفتار کرکے تحفظ فراہم کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں