کرونا وائرس، ٹھٹھہ میں فی الوقت ایک کیس موجود ہے، ڈپٹی کمشنر

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) ڈپٹی کمشنر محمد عثمان تنویر نے اپنے ایک اعلامیہ میں ضلع بھر کی عوام کو مطلع کیا ہے کہ ضلع ٹھٹھہ میں کرونا وائرس کے حوالے سے مجموعی طور پر 281 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 مثبت آئے ہیں۔ ان تینوں افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے جن میں سے 2 مریضوں کے مسلسل دو بار کرونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد انہیں صحتمند قرار دے کر گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ہے جبکہ باقی ایک کرونا مثبت کیس آئسولیشن وارڈ میں موجود ہے جس کا دوبارہ ٹیسٹ کیا جائے گا۔
دوسری جانب ضلع ٹھٹھہ سے تعلق رکھنے والے 4 کرونا وائرس کے مریضوں کا ٹیسٹ آغا خان ہسپتال میں کیا گیا اور ان چاروں کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے جن میں سے 2 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔ ان کے مسلسل دو بار ٹیسٹ منفی آئے ہیں جبکہ 2 کورونا وائرس کے مثبت کیس ٹھٹھہ میں موجود نہیں ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا ہے کہ آج تک رپورٹ کے مطابق صرف ایک کورونا کا مثبت کیس ٹھٹھہ میں ہے جو آئسولیشن وارڈ میں موجود ہے۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ بہارا میں واقع ایک بینک سے متعلق مثبت کیس کا کرونا ٹیسٹ آغا خان ہسپتال کراچی میں کیا گیا ہے جبکہ ان سے قریبی عزیز و اقارب میں آنے والے لوگوں کے کرونا ٹیسٹ کے نمونے لئے جا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں