ملیر، پولیس کی بروقت کارروائی سے وارداتیں ناکام

ملیر (نامہ نگار، منظورسولنگی) گگھر کے قریب ایم ڈی اے کی رہائشی اسکیم سیکٹر نمبر 2 میں علاقے کے نامور سیاسی رہنما فقیر عبدالقادر شر کے پلاٹ سے سامان چوری کرتے ہوئے چار چور پکڑے گئے۔ اس سلسلے میں معلوم ہوا ہے کہ صبح سویرے پلاٹ مالک عبدالقادر شر کو چوری کی اطلاع ملی تو انہوں نے 15 مددگار پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس اور پلاٹ مالک جیسے ہی پلاٹ پر پہنچے تو چور کمروں کی چھتیس اتار کر دروازے نکال کر رکشے میں لوڈ کرنے میں مصروف تھے۔ ملزمان محمد جان، عبدالخالق، خدا بخش اور ایک نامعلوم کو پولیس نے دو رکشہ اور ایک موٹر سائیکل سمیت گرفتار کر لیا۔
گرفتار چوروں نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ وہ بچل شر اور پرویز شر کے کہنے پر کمروں کی چھتیں، کھڑکیاں، دروازے اور چارپائیاں اٹھا رہے تھے جو بعد میں مراد کھوسو گوٹھ میں پہنچانی تھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ مزدور ہیں اور یہاں مزدوری کے لیے لائے گئے تھے۔ بچل شر اور پرویز شر نے ہمیں بتایا کہ یہ پلاٹ ان کا ہے اور یہ سامان اٹھانا ہے تو اس میں ہمارا کیا قصور ہے؟

دوسری جانب بن قاسم پولیس نے خفیہ اطلاع پر گگھر کے قریب بھنبھو گوٹھ پر اچانک چھاپہ مار کر چوری کی گئی پانچ بھینسیں برآمد کر کے دو ملزمان غلام علی ولد محمد ملوک عمرانی اور غلام حیدر ولد محراب عمرانی کو حراست میں لے لیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گذشتہ شب پپری کے نیاز حسین مہیسر کے باڑے سے پانچ بھینسیں چوری ہوئی تھیں جس کا مقدمہ درج کرانے کے بعد اطلاع پر بن قاسم پولیس نے تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود بھنبھو گوٹھ پر چھاپہ مار کر بھینسیں برآمد کر کے ملزمان کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملزمان فرار ہوگئے ہیں۔ پولیس مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں