ٹھٹھہ، بجلی کی بندش سے شہری پریشان

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) حیسکو نے وزیرِاعظم کے احکامات ہوا میں اڑا دیئے۔ ٹھٹھہ اور مکلی شہر میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بڑھ گیا۔ حیسکو افسران نے وزیرِاعظم پاکستان کے لوڈشیڈنگ سے متعلق احکامات ہوا میں اڑا دیئے ہیں۔ مکلی اور ٹھٹھہ شہر میں کئی کئی گھنٹوں تک بجلی بند رکھی جانے لگی ہے۔ رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پانی کا بحران بھی بڑھتا جارہا ہے۔ جنگشاہی شہر میں گذشتہ 20 دنوں سے بجلی بند ہے لیکن حیسکو حکام کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگی۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حیسکو کا ایک افسر اپنے خاص لائن مین سے مصنوعی فالٹ ڈلواکر بجلی کئی کئی گھنٹوں تک بند کرواتا ہے۔ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث روزہ دار سخت پریشان ہیں۔ انہوں نے وزیرِاعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹھٹھہ، مکلی اور دیگر علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند کرایا جائے ورنہ عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں