ٹھٹھہ، ضلع بھر میں مکمل لاک ڈاؤن

ٹھٹھہ (نامہ نگار، رشید جاکھرو) ضلع میں نمازِ جمعہ کے اوقات کے دوران دوپہر 12 بجے سے سہہ پہر 3 بجے تک مکمل لاک ڈاؤن رہا۔ لاک ڈاؤن سے قبل ایس ایس پی ٹھٹھہ کی جانب سے پولیس موبائلز پر اعلانات بھی کرادیے گئے تھے کہ 12 بجے کے بعد دکانیں مکمل بند کی جائیں۔ سڑکوں پر مکمل سناٹا چھایا گیا۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ ڈاکٹر محمد عمران خان نے پولیس، فوج اور رینجرز کے ہمراہ مختلف علاقوں کے دورے کئے۔
اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر 20 افراد پکڑے گئے۔ ایس ایس پی ٹھٹھہ نے ضلع میں لاک ڈاؤن کے پیشِ نظر بنائی گئی تمام پولیس چیک پوسٹس کا بھی دورا کیا اور وہاں موجود پولیس سپاہیوں سے ملاقات بھی کی۔
دوسری جانب دادو سے نمائندہ یونائیٹڈ ٹی وی فیاض جعفری کے مطابق ضلع بھر کی چاروں تحصیلوں میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد نہیں کروایا جارہا۔ سبزی منڈی میں ماسک اور سینیٹائیزر سے محروم شہریوں کا ہجوم دیکھا گیا۔ خریداروں کی رش کے باعث کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ پولیس اور ضلعی انتظامیہ لاک ڈاؤن کرانے میں مکمل ناکام ہو کر رہ گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں