دادو، بجلی کی بندش کے خلاف شہری سراپا احتجاج

دادو (نامہ نگار، فیاض جعفری) خیرپور ناتھن شاہ میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کی ناک میں دم کر کے رکھ دیا ہے۔ شہری اور دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے تنگ شہری بلبلا اٹھے۔ شہریوں نے ایس ڈی او واپڈا فاروق کابورو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ جب سے ایس ڈی او فاروق کابورو نے چارج سنبھالا ہے تب سے بجلی کی طویل بندش کا سامنہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک طرف لاک ڈاؤن کے باعث پہلے سے ہی پریشان ہیں تو دوسری طرف ماہِ رمضان میں بجلی کی طویل بندش نے جینا حرام کیا ہوا ہے۔ مظاہرین کا مزید کہنا تھا کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ سے متعلق سیپکو حکام کو شکایات کرنے پر بجلی کے اضافی بل بھیجنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ میٹر صارفین ہونے اور بلوں کی مقررہ وقت پر ادائگی کے باوجود بھی بجلی کی طویل بندش کا سامنہ ہے تاہم شہریوں نے وفاقی حکومت سے ایس ڈی او واپڈا فاروق کابورو کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں