آسٹریلیا کی پاکستان کے خلاف جارحانہ بیٹنگ، 30 اوورز میں 191 رنز


ٹاؤنٹن (ویب ڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے اہم میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔ ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں پاکستان نے آسٹریلیا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، آسٹریلیا کی جانب سے اننگز کا آغاز ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر نے کیا ہے۔ دونوں اوپنرز نے اننگز کا آغاز پر اعتماد اور جارحانہ انداز میں کیا اور 146 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی۔ ایرون فنچ نے 84 گیندوں پر 82 رنز بنائے تاہم محمد عامر کی گیند پر وہ محمد حفیظ کو کیچ دے بیٹھے جب کہ ڈیوڈ وارنر نے نصف سنچری بنائی، ون ڈاؤن آنے والے اسٹیو اسمتھ نے 10 رنز بنائے تاہم وہ حفیظ کی گیند پر آصف علی کو کیچ دے بیٹھے۔ اس وقت وکٹ پر ڈیوڈ وارنر اور گلین میکسویل موجود ہیں۔ قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، اسپنر شاداب خان کی جگہ فاسٹ بولر شاہین آفریدی کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ پچ پر گراس کی وجہ سے بولنگ کا فیصلہ کیا، آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ نے کہا کہ ٹاس جیت جاتے تو بولنگ کا فیصلہ ہی کرتے۔ دوسری جانب پاکستانی ٹیم آج کا میچ امپائر ریاض الدین اور کرکٹر اختر سرفراز کے سوگ میں سیاہ پٹیاں باندھ کر کھیلے گی۔ ٹاؤنٹن میں کھیلے جارہے میچ میں محکمہ موسمیات کی جانب سے ایک بار پھر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، اب تک ایونٹ میں 3 میچز بارش کی وجہ سے منسوخ ہوچکے ہیں جس میں سے ایک میچ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا۔ دونوں ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں 3،3 میچز کھیلے ہیں، پاکستان کو پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم انگلینڈ سے مقابلے میں قومی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور انگلینڈ کو شکست دی جب کہ سری لنکا سے میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کردیا گیا تھا۔ آسٹریلیا نے پہلے میچ میں افغانستان اور دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز کو شکست دی تھی تاہم تیسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں کینگروز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں