ایران دہشت گردوں کو مالی معاونت کے ساتھ اسلحہ فراہم کررہا ہے: شاہ سلمان


مکہ (ویب ڈیسک) سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ ایران بین الاقوامی قوانین کی پامالی مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق مکہ معظمہ میں شروع ہونے والے عرب سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ایران خطے میں دہشت گردی کی کارروائیوں کی آبیاری کرتا ہے، ایران کا سامنا کرنے کے لیے عالمی برادری سعودی عرب کی مدد کرے۔ شاہ سلمان نے کہا کہ ایران دہشت گردوں کو مالی معاونت کے ساتھ اسلحہ بھی فراہم کررہا ہے جس سے تجارتی جہاز رانی اور تیل کی عالمی سپلائی کو خطرات لاحق ہوگئے ہیں، تہران کے یہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کی صریحاً خلاف ورزی ہیں۔ سعودی فرمانروا نے کہا کہ سعودی عرب خطے میں امن اور سلامتی قائم رکھنے کا خواہش مند ہے، ہم جنگ کی ہولنا کیوں سے بچنا چاہتے ہیں، امن کے لیے سعودی عرب ہمیشہ پیش قدمی کرتا رہے گا، حالیہ واقعات ہم سے تقاضا کرتے ہیں کہ خلیج تعاون کونسل کی کامیابیوں کو محفوظ بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں